ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / معاون بینکوں کا اسٹیٹ بینک میں الحاق ، 2800ملازمین نے مانگا وی آرایس

معاون بینکوں کا اسٹیٹ بینک میں الحاق ، 2800ملازمین نے مانگا وی آرایس

Tue, 04 Apr 2017 11:25:29    S.O. News Service

ممبئی،3؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے پانچ معاون بینکوں کے 2800ملازمین نے اب تک رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم (وی آرایس)کے لیے درخواست دی ہے۔حالانکہ ان بینکوں کے 12000سے زائد ملازمین وی آرا یس کے اہل ہیں۔اسٹیٹ بینک کی چیئرمین اروندھتی بھٹاچاریہ نے پیر کو یہ بات کہی۔ ا سٹیٹ بینک آف انڈیا کے پانچ معاون بینکوں اسٹیٹ بینک آف بیکانیر اینڈ جے پور (ایس بی بی جے ) اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد (ایس بی ایچ)اسٹیٹ بینک آف میسور (ایس بی ایم) اسٹیٹ بینک آف پٹیالہ (ایس بی پی)اور اسٹیٹ بینک آف تراونکور (ایس بی ٹی )کے ساتھ ساتھ بھارتیہ مہیلا بینک (بی ایم بی)کا یکم اپریل 2017سے اسٹیٹ بینک میں انضمام ہو گیا ہے۔اروندھتی بھٹاچاریہ نے پیر کو نامہ نگاروں کو بتایاکہ اب تک صرف 2800 ملازمین نے ہی وی آرایس کے لیے درخواست دی ہے، اسکیم 5 ؍اپریل تک کھلی ہے۔انہوں نے کہا معاون بینکوں کے مجموعی طور پر تقریبا 12500ملازمین وی آریس لینے کے اہل ہیں۔بینک نے وی آرایس لینے کے لیے کچھ معیار طے کئے ہیں، جیسے کہ وی آرا یس لینے والے ملازم کی ملازمت کی مدت 20سال اور اس کی عمر 55سال ہونی چاہیے۔5 معاون بینکوں اور بی ایم بی کو ملا کر اسٹیٹ بینک کے ملازمین کی کل تعداد 270011تک پہنچ گئی ہے، اس میں 69191ملازمین معاون بینکوں اور بی ایم بی کے ہیں۔معاون بینکوں کے انضمام کے بعد جائیداد کے لحاظ سے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا شمار دنیا کے 50بڑے بینکوں میں ہونے لگا ہے۔بینک کے صارفین کی تعداد 37کروڑ اوراس کی شاخوں کا نیٹ ورک 24000تک پہنچ گیا ہے۔بینک کے اے ٹی ایم کی تعداد 59000ہو گئی ہے۔


Share: